گورنمنٹ کا لج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی جس کی قیادت وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر صوفیہ انور نے کی او ر جبکہ سی۔ ٹی۔ او علی رضا، ڈی ۔ایس ۔ پی نسیم ، انسپکٹر ارم، فیکلٹی ممبران سمیت طالبات کی کثیر تعداد نے ریلی میں شرکت کی ریلی میں شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور افواج پاکستان کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے۔ ریلی گورنمنٹ کا لج ویمن یونیورسٹی سے شروع ہو کر کالج روڈ سے ہوتی ہوئی ویمن یونیورسٹی میں اختتام پذیر ہوئی ۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ انو ر کا کہنا تھا کہ ہمیں اسلام امن ومحبت کا پیغام دیتا ہے لیکن ہماری امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ اگر دشمن نے ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو ہماری افواج دشمن کی کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی مذمت کی اور پاک فوج کی طرف سے فوری جوابی کاروائی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہماری قوم کی مائیں ، بہنیں اور بیٹیاں پاک فوج کے ساتھ ہیں اور ہماری ریلی کا مقصد پاک فوج سے اظہار یکجہتی ہے اور ہم دشمن کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کی عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لئے گورنمنٹ کا لج ویمن یونیورسٹی میں خصوصی تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر صوفیہ انور نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر پاک فوج کے حق میں زیادہ سے زیادہ مواد شےئر کریں تاکہ دشمن اور دنیا کو یہ پیغام جائے کہ ہم اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتے ہیں اور ہم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔