گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی میں وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم فیز فائیو کے تحت یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی طالبات میں 1060لیپ ٹاپ تقسیم کےئے گئے تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی پالیمانی سیکرٹری ریلوے میاں فرخ حبیب نے اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی نوجوان نسل کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو پہچان کر ان میں نکھار پیدا کریں اور خود کو اس قابل بنائیں کہ مستقبل قریب میں انقلابی رہنما بن کر سامنے آئیں اور اپنی خداداد صلاحیتوں سے ملک کو ترقی یافتہ ملک بنا کر دنیا کے بہترین ممالک کی صف میں لا کھڑا کریں ۔انہوں نے مزید کہا کہ نئی سوچ اور نئی ایجادات متعارف کروا کر ڈیجیٹل مستقبل میں قدم رکھیں اور نوکریاں ڈھونڈنے کی بجائے نوکریاں تقسیم کرنے والے بنیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ ویمن یونیورسٹی کی ترقی اور طالبات کی فلاح کے لئے ہمہ تن کوشاں ہیں اور ہر طر ح کی خدمت کے لئے تیار ہیں ۔ وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ انور نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تہہ دل سے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ریلوے میاں فرخ حبیب اور محترمہ بیگم نازیہ خرم شہزاد کی مشکور ہیں کہ وہ اپنے انتہائی مصروف و قیمتی وقت میں سے ویمن یونیورسٹی تشریف لائے۔انہوں نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لیپ ٹاپ تعلیم میں انتہائی اہم آلہ ہے ٹیکنالوجی کا دور ہے اور اسی ٹیکنالوجی کی بنا پر دنیا گلوبل ویلج کی شکل اختیار کر چکی ہے انہوں نے کہا کہ آج کوئی بھی شعبہ ایسے نہیں جس میں ٹیکنالوجی کا استعمال نہ ہو اس لئے اس ٹیکنا لوجی کا مثبت استعمال کریں اور بہترین نتائج کے ساتھ ملک کی تعمیروترقی میں حصہ لیں ۔محترمہ بیگم نازیہ خرم شہزاد نے کہا کہ ملک کی تعمیر وترقی میں خواتین کا بہت بڑا کردار ہے ہمیں طالبات کو تعلیم کے ایسے مواقع فراہم کرنے ہیں جس سے ان میں خود اعتمادی پیدا ہو اور وہ بلا خوف و ججک کسی بھی میدان میں اپنا لوہا منوانے سے نا گھبرائیں ۔انچارج شعبہ کمپیوٹر سائنس مس سحر حسنین نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔آخر میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ انور نے مہمانوں کو اعزازی شیلڈ سے نوازا ۔