فلوریسنٹ ہیومن یوتھ ویلفیئر آرگنائزیشن کے تحت گزشتہ ہفتے میں سیدہ در شہوار کی یاد میں گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کی گئی۔ اس کے بعد شرکاء کو آرگنائزیشن کے مقاصد پر بریفنگ دی گئی اور سیدہ درشہوار کی کاوشوں کو سراہا گیا اور ساتھ ساتھ ان کے مشن کو آگے لے کر چلنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن محترمہ رخسانہ شاہد جو کہ درشہوار کی والدہ بھی ہیں، کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں گراونڈ کو اپ گریڈ کرنے کے علاوہ وہ طالبات کے لیے پینچز بھی فراہم کریں گی۔ اس کےعلاوہ طالبات کو گھر بیٹھے پیسہ کمانے کے قابل بنانا ان کی ان جی او کا بنیادی مقصد ہے۔ پروگرام کی مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق ، وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد نے محترمہ رخسانہ شاہد کی خدمات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ فلوریسنٹ ہیومن یوتھ ویلفیئر آرگنائزیشن آئندہ بھی ادارہ ہذا میں ترقیاتی منصوبوں میں ہاتھ بٹاتی رہے گی۔ پروگرام کی مہمان اعزاز محترمہ فردوس رائے صاحبہ نے بھی فلوریسنٹ ہیومن یوتھ ویلفیئر آرگنائزیشن کی کاوشوں کو سراہا۔ پروگرام کے اختتام پر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کی جانب سے محترمہ رخسانہ شاہد کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ فلوریسنٹ ہیومن یوتھ ویلفیئر آرگنائزیشن کی جانب سے محترمہ وائس چانسلر، محترمہ فردوس رائے صاحبہ، اور دیگر کو اعزازت سے نوازا گیا۔